پروفیسر ڈاکٹر محمد یحییٰ نوری دو عشروں سے زائد عرصے سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ اس وقت وہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں مائکرو بیالوجی کے پروفیسر اور ڈائریکٹر ڈیجیٹل لرننگ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے طلبہ اور پیشہ وَر افراد کی تربیت اور شخصیت سازی کی غرض سے ’’نُمود‘‘ کے نام سے ایک ادارہ بھی قائم کیا ہے۔
ڈاکٹر یحییٰ نے2005 میں ڈاؤ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس مکمل کیا اور 2013 میں یونیورسٹی آف گلاسگو، برطانیہ سے انفیکشن اور امیونٹی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد مارکیٹنگ میں ایم بی اے اور آرگنائزیشنل سائیکالوجی میں ایم ایس سی بھی مکمل کیا۔ اس وقت وہ آغا خان یونیورسٹی سے طبی تعلیم میں اپنا ماسٹرز مکمل کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے وفاق المدارس العربیہ سے درس نظامی بھی مکمل کر رکھا ہے اور وہ جامعہ ہدایہ اور الفرقا ن میں جزوقتی درس و تدریس سے بھی وابستہ ہیں۔
اپنے بنیادی مضامین مائیکرو بیالوجی اور امیونولوجی کے علاوہ، وہ ڈاؤ یونیورسٹی میں اور اس سے باہر مختلف کورسز اور ورکشاپس کے ذریعے نفسیات، مارکیٹنگ، شخصی تعمیر و ترقی، قیادت اور کمیونیکیشن اسکلز کی بھی تعلیم دیتے ہیں ۔ ساتھ ہی وہ تعلیمی ٹیکنالوجی اور ای لرننگ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
وہ شخصی تعمیر اور ذاتی ترقی کے بارے میں باقاعدگی سے لکھتے ہیں اور اس موضوع پر ’’محور‘‘ کے نام سے دو کتب تصنیف کر چکے ہیں۔
آپ ان کے بارے میں مزید معلومات ان دونوں ویب سائٹس سے حاصل کر سکتے ہیں۔