سورج ہر صبح مشرق سے طلوع ہوتا اور مغرب میں غروب ہوتا ہے۔ اس کے ذمے یہ کام ابد سے ہےا ور قیامت تک یہ اپنی ذمے داری ادا کرتا رہے گا۔ سورج کا یہ عمل انسانوں کیلئے ایک رہ نما اور قدرت کا قطب نما (Compass) ہے۔ خالق کائنات اللہ تبارک و تعالیٰ نے انسان کو زندگی گزارنے کیلئے جو رہ نمائی اور ہدایت عطا فرمائی ہے، اس کا ایک مستقل اور بڑا ذریعہ کائناتی مظاہر ہیں۔ سورج ان میں سے ایک ہے۔
سورج ہر صبح طلوع ہوکر یہ پیغام دیتا ہے کہ اگر تمہیں آج کے دن طلوع اور بلند ہونا ہے تو تمہیں سورج کے ساتھ بیدار ہونا ہوگا۔ تمہیں خود کو گرم متحرک کرنا ہوگا۔ تمہیں ہر لمحہ بلند سے بلند تر ہونا ہوگا۔
سورج ایک جانب اگر خود بلند سے بلند تر ہوتا ہے تو ساتھ ہی پہلی کرن سے وہ لوگوں کیلئے فائدہ رساں بن جاتا ہے۔ وہ حیوانات، نباتات، جمادات سبھی کو روشنی دیتا ہے۔ سورج متحرک کرتا اور توانائ پھیلاتا ہے۔ وہ پوری نظام شمسی کو اپنی خوبیوں سے فائدہ پہنچاتا ہے… بغیر کسی مذہبی یا لسانی تعصب کے۔
قدرت نے اس پر جو ذمے داری عائد کی ہے، وہ اسے پورا کرتا ہے۔ اب یہ دوسروں کی ذمے داری ہے کہ سورج سے کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انھی لمحات میں کچھ لوگ اس ذمے داری پر لبیک کہتے ہوئے سورج سے بہرہ مند ہوتے اور زندگی کو بلند سے بلند کرتے ہیں تو بعض لوگ کمروں کو تاریک کرکے روشنی کے ہر راستے کو موقوف کردیتے ہیں۔ وہ بلند ہوتے سورج کے ساتھ نیند کی پستیوں میں غرق رہتے ہیں۔