محترم فرخ شہزاد چوہان پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینئر ہیں اور متحدہ عرب امارات اور یورپ میں اپنا بزنس کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کی ایک کتاب کی تقریب رونمائ کراچی آرٹس کونسل میں ہوئ۔ اس کتاب کا نام ’’قائد اسکواڈ‘‘ ہے۔ یہ ایک ایکشن ناول ہے جس میں نوجوان محمد علی جناح آج کے پاکستان میں آکر اس ملک کو ناانصافی، ظلم اور بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کرتے ہیں۔
فرخ شہزاد کا آبائ تعلق کراچی کے قدیم علاقہ رنچھوڑلائن سے ہے اور مارواڑی فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد اور دادا کراچی پورٹ ٹرسٹ میں تھے اور پاکستان بننے سے کئی عشرے پہلے پاکستان آگئے تھے۔
ابتدائ تعلیم کراچی شہر میں حاصل کی۔ پھر این ای ڈی یونیورسٹی سے گریجویشن کرکے پرائیویٹ جاب شروع کردی۔ اس کے بعد، وہ مختلف مدارج طے کرتے ہوئے اس وقت اپنی کمپنی چلارہے ہیں۔
فرخ شہزاد کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں فلم نویسوں کے پاس ہیرو نہیں۔ وہ گھسے پٹے کرداروں کے ساتھ فلمیں بنارہے ہیں جن سے معاشرے میں تعمیری سوچ پیدا نہیں ہوتی۔ ابن صفی اور مظہر کلیم کی عمران سیریز اور اشتیاق احمد مرحوم کی انسپکٹر جمشید سیریز جیسے لٹریچر کی ضرورت اس وقت بہت زیادہ ہے۔ یہ ادب ایسا تھا کہ جس سے مایوسی دور ہوتی اور نوجوانوں میں کچھ کرنے کا جذبہ ابھرتا تھا۔
ناول ’’قائد اسکواڈ‘‘ ان کی پہلی کاوش ہے اوراب وہ اسے بڑی اسکرین پر پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ ناول پاکستان میں درج ذیل نمبر پر آرڈر کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے 0092311242766